اسلام آباد (پاک ترک نیوز )وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مون سون سیزن کی پیشگی تیاری اور موسمیاتی تغیر اور ماحولیاتی خطرات سے بچاؤ کے نظام پر جائزہ اجلاس ہوا ۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہاپاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے ۔موسمی تغیرات کے قومی سطح کے خطرات سے نبرد آزما ہونے کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر موثر اور جامع تعاون ناگزیر ہے۔
وزیرعظم نے کہا وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی،اور چئیرمین نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی تمام صوبوں ،آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کا اس ہفتہ ہنگامی دورہ کریں گے تاکہ مون سون کی پیشگی تیاری مکمل کی جا سکے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی میں وفاقی وزیر خزانہ مون سون کی ممکنہ تباہی کی صورت میں ہنگامی فنڈ کی تشکیل کے لیے پیشگی تیاری مکمل کریں۔ غیر ملکی اداروں کی مالی معاونت کے تحت منصوبے بھی قومی و مقامی اداروں کی استعداد بڑھانے کے لیے استعمال ہونے چاہیئں۔
وزیراعظم نے کہا وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی زیر نگرانی نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اور دیگر متعلقہ وفاقی وزارتوں پر مشتمل ایمرجنسی رسپانس کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو صوبائی متعلقہ اداروں سے عملی تعاون کے لیے کام کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے ہلاکتوں پر اظہار افسوس
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا قومی آبی تحفظ و سلامتی کے لیے وفاقی حکومت نے اس سال مالی بجٹ میں آبی منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے 330 ارب روپے کی اضافی رقم مختص کی ہے۔
ماضی کے تجربات کی روشنی میں اس سال مون سون سیزن میں ممکنہ سیلابی صورتحال اور خطرات سے بچاؤ کے لیےاقدامات جامع روڈ میپ کے تحت ترتیب دیے جائیں ۔تمام صوبے مقامی سطح پر خطرے سے دو چار اضلاع میں دریاؤں کی گزرگاہوں اور سیلاب کی ممکنہ راستوں میں ناجائز تجاوزات اور دیگر مسائل کا پیشگی مؤثر حل یقینی بنائیں۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے مون سون کی پیشگی تیاری اور ممکنہ سیلابی صورتحال پر بریفنگ دی ،بریفنگ میں کہا گیادنیا بھر میں اس سال گرمی کی شدید لہر اور غیر معمولی موسمیاتی تغیرات کے امکانات واضح ہیں۔
نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی بریفنگ میں کہا گیا پاکستان میں بھی گرمی کی شدید لہر اور جولائی کے مہینے میں غیر معمولی بارشیں متوقع ہیں جن کے لیے مجوزہ حکمت عملی کے تحت تمام درکار انتظامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال،وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمد لغاری، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت خزانہ اظہر بلال کیانی، چیئرمین این ڈی ایم اے، چیئرمین واپڈا اور تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کے عہدے داران نے شرکت کی۔












