نیو یارک ( پاک ترک نیوز) پاکستان نے سلامتی کونسل سے مسئلہ کشمیر پرموثر اقدام کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کےمطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ یواین امن مشنز کی بنیاد سیاسی حل پر ہونی چاہیے۔
پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخارنے کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر اقوام متحدہ کی ساکھ کا امتحان ہے، مسئلہ جموں و کشمیر کونسل کے ایجنڈے پرطویل عرصے سے موجود ہے، مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور دیرپا حل نکالنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔
عاصم افتخار نے کہاکہ پاکستان اقوام متحدہ کے قدیم مشنز میں سے ایک کی میزبانی کر رہا ہے، پاکستان اب تک 4 براعظموں میں 2 لاکھ 35 ہزار سے زائد فوجی بھیج چکا ہے، جن میں سے 182 پاکستانی اہلکاروں نے امن کیلئے جانوں کا نذرانہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ امن مشنز کی کامیابی کیلئے سلامتی کونسل کا متحد اور پائیدار سیاسی تعاون ناگزیر ہے، یو این خصوصی نمائندگان برائے سیکرٹری جنرل کو مکمل اختیارات دیے جانے چاہئیں، امن مشنز کے انخلا کا فیصلہ زمینی حالات کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا کہ امن مشنز کے مینڈیٹ کی تیاری اور جائزے میں حصہ لینے والے ممالک کو شامل کیا جانا چاہیے، پاکستان مضبوط اور سیاسی بنیادوں پر مبنی یو این امن مشن نظام کی حمایت جاری رکھے گا۔












