اسلام آباد (پاک ترک نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس 2027 کی تیاریوں سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں کانفرنس کے انتظامات میں پیش رفت اور گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان 2027 میں اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ اجلاس میں کانفرنس کے انتظامات کو مؤثر، مربوط اور بروقت مکمل کرنے سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ سربراہی اجلاس شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ روابط مزید مضبوط بنانے کا اہم موقع ہے۔ اس سے مشترکہ علاقائی ترجیحات کو آگے بڑھانے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار کا ذخیرہ اندوزی اور گرانفروشی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم
اسحاق ڈار نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سربراہی اجلاس کی تیاریاں مربوط اور بروقت انداز میں مکمل کی جائیں تاکہ کانفرنس کے انتظامات مؤثر طریقے سے انجام دیے جا سکیں۔
اجلاس میں طارق باجوہ، سیکرٹری دفاع، چیئرمین کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔












