کراچی(پاک ترک نیوز)کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی اور وفاقی حساس ادارے نے مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے تین مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو دستی بم اور ایک تیار شدہ دیسی ساختہ بم برآمد ہوا ہے۔
محکمہ انسداد دہشت گردی کے مطابق گرفتار ملزمان میں دو کا تعلق کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی جبکہ ایک کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہونے کا شبہ ہے۔ ملزمان شہر کے حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
حکام کے مطابق پہلی کارروائی لسبیلہ چوک کے قریب بس اسٹاپ پر کی گئی، جہاں سے کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی سے تعلق رکھنے والے ساجد یوسف اور شوکت علی عرف شوکی کو گرفتار کیا گیا۔ دونوں ملزمان مبینہ طور پر ٹارگٹ کلنگ اور فرنٹیئر کور کی گاڑیوں پر حملوں میں ملوث رہے ہیں، جبکہ اپنے کمانڈر سے مسلسل رابطے میں بھی تھے۔
دوسری کارروائی اولڈ سبزی منڈی کے قریب کی گئی، جہاں سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق کے شبہے میں داد محمد عرف عادل کو گرفتار کیا گیا۔ حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے ایک تیار شدہ دیسی ساختہ بم برآمد ہوا، جبکہ وہ افغانستان میں تربیت بھی حاصل کر چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جمادی الاول کے چاند کی رویت کے لیے زونل کمیٹی کا اجلاس آج شام ہوگا
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف محکمہ انسداد دہشت گردی کے تھانے میں تین مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں، سہولت کاروں اور مالی معاونین کی گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے۔
مشترکہ کارروائیوں میں حصہ لینے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے تعریفی اسناد اور نقد انعامات دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔












