کوئٹہ(پاک ترک نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع واشک میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کارروائی کے دوران پانچ دہشت گردوں کی ہلاکت اور چار کے زخمی ہونے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی عکاس ہے۔ بلوچستان میں امن و امان کی بحالی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گرد عناصر صوبے کے عوام کو خوف و ہراس میں مبتلا کرنے اور ترقیاتی ڈھانچے کو نقصان پہنچانے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بونیر میں سرکاری گاڑیاں واپس نہ کرنے پر سابق صوبائی وزیر اور رکن اسمبلی کے خلاف مقدمات درج
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، صوبے میں دہشت گردی اور بدامنی کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری قوم کے اعتماد اور حمایت کے مستحق ہیں۔






