ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ معاہدے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، معاہدے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم جرائم کو معاف کردیں گے یا بھول جائیں گے۔
تہران میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسماعیل بقائی نے کہا ہم ایرانی عوام پر اسرائیلی اور امریکی مظالم کو نہیں بھولیں گے، ہم نہیں بھولیں گے کہ ہم نے بڑی تعداد میں اپنی قیادت کھوئی، ایرانی عوام اپنی قیادت کے ساتھ کھڑے رہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر جمعے کو جنیوا میں دستخط کیے جائیں گے، جینیوا میں دستخط کی تقریب سے پہلے ایرانی حکام پڑوسی ممالک کے دورے کریں گے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ عالمی ادارے ایران پر امریکا اور صیہونی جارحیت کی مذمت کرنے میں ناکام رہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ لبنان کے خلاف جارحیت کا خاتمہ امریکا ایران مفاہمتی یادداشت کا حصہ ہے، لبنان کی خودمختاری کا احترام کیا جائے، لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام بھی امریکا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا حصہ ہے۔












