اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کل صبح پاکستان پہنچیں گے، دورے کے دوران وہ اسلام آباد میں اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات متوقع ہے، جبکہ وہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کریں گے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کریں گے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا 2022 کے بعد پاکستان کا یہ دوسرا دورہ ہوگا۔ اس سے قبل انہوں نے 2022 میں پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے بعد متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔
دورے کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا بھی دورہ کریں گے، جہاں وہ سیلاب کے بعد پاکستان کی تیاری اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی استعداد میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے پاکستان و بھارت کے صدر دفتر کا بھی دورہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی اور مذاکرات بھی اہم موضوع ہوگا، جبکہ امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی رابطوں اور ثالثی کی کوششوں میں پاکستان کے تعمیری کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔











