اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پمز ہسپتال سانحے کی تحقیقاتی کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ آج شام تک وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کردی جائے گی، جبکہ واقعے کی تفصیلی رپورٹ سات روز میں تیار ہوگی۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ پمز ہسپتال کا سانحہ انتہائی اندوہناک ہے، حکومت متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ تحقیقاتی کمیٹی واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے، ابتدائی رپورٹ موصول ہونے کے بعد ضروری اقدامات کیے جائیں گے جبکہ مکمل تحقیقات کے بعد تفصیلی رپورٹ سامنے آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سانحہ پمز کا ذمہ دار کون؟ تحقیقاتی کمیٹی کی عبوری رپورٹ آج وزیراعظم کو پیش کی جائے گی
وزیر قانون نے کہا کہ سانحہ پمز پر سیاسی گفتگو کے بجائے اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اور قابلِ عمل تجاویز دینی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں آئندہ کے لیے ضروری اقدامات کرے گی تاکہ ہسپتالوں میں حفاظتی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جاسکے اور ایسے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔












