استنبول (پاک ترک نیوز )ترکیہ کے مغربی علاقے میں مسافر بس اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہو گئے۔
حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر کارروائیاں شروع کر دیں، جبکہ حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق حادثہ ترکی کے صوبے مانیسا میں ایک شاہراہ کے داخلی مقام کے قریب پیش آیا۔ یہ شاہراہ سیاحتی شہر بورسا اور ساحلی شہر ازمیر کے درمیان واقع ہے۔
ترکیہ کے وزیر داخلہ مصطفیٰ چیفتچی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی صورت حال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
حادثے کے بعد سامنے آنے والی تصاویر میں مسافر بس سڑک کے کنارے حفاظتی رکاوٹوں پر چڑھی ہوئی دکھائی دیتی ہے، جس سے تصادم کی شدت کا اندازہ ہوتا ہے۔











