لاہور( پاک ترک نیوز) سوچیے… آپ گاڑی میں بیٹھیں، دروازہ بند کریں، مگر سامنے نہ اسٹیئرنگ ہو، نہ بریک اور نہ ہی ایکسیلیریٹر پیڈلڈرائیور بھی کوئی نہیں… پھر بھی گاڑی خود چل پڑے!جی ہاں، ٹیسلا نے ایسی ہی روبوٹیکسی تیار کرلی ہے، جس نے مستقبل کی ڈرائیونگ کی جھلک دنیا کے سامنے رکھ دی ہے۔ٹیسلا کی دو نشستوں والی سائبر کیب 3 ستمبر کو امریکی شہر آسٹن میں باضابطہ طور پر لانچ کی جائے گی۔یہ عام گاڑی نہیں… اس میں اسٹیئرنگ وہیل ہی غائب ہے، بریک اور ایکسیلیریٹر پیڈلز بھی موجود نہیں۔
یعنی مسافر گاڑی میں بیٹھے گا اور سفر کا پورا کنٹرول مصنوعی ذہانت اور خودکار ڈرائیونگ سسٹم کے پاس ہوگا۔سب سے حیران کن بات یہ ہے کہ اگر دورانِ سفر سسٹم میں خرابی پیدا ہوجائے تو گاڑی میں موجود شخص خود اسٹیئرنگ سنبھال ہی نہیں سکتا۔ٹیسلا سائبر کیب میں کمپنی کا اے آئی 4 کمپیوٹر اور فل سیلف ڈرائیونگ سافٹ ویئر استعمال کیا جائے گا۔ٹیسلا پہلے ہی آسٹن سمیت امریکا کے مختلف شہروں میں محدود علاقوں میں بغیر ڈرائیور کے ماڈل وائی روبوٹیکسیاں چلا رہی ہے، تاہم سائبر کیب اس ٹیکنالوجی کو ایک نئے مرحلے میں داخل کرے گی۔ٹیسلا کی جانب سے لانچ تقریب کے لیے منتخب افراد کو دعوت نامے بھیجے جا رہے ہیں۔ تقریب عام عوام کے لیے کھلی نہیں ہوگی بلکہ مخصوص افراد کو شرکت کی اجازت دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل میپس کا بڑا اپ ڈیٹ ، راستے پہلے سے زیادہ واضح دکھائی دیں گے
دعوت نامہ حاصل کرنے والے افراد کی عمر کم از کم 21 سال ہونا ضروری ہوگی اور تقریب میں شناخت کی تصدیق بھی کی جائے گی۔اس منفرد گاڑی کا تصور نیا نہیں۔ ٹیسلا نے 2024 میں کیلیفورنیا کے ایک بند ٹریک پر سائبر کیب میں مسافروں کو خودکار سفر کا تجربہ بھی کرایا تھا۔اب جولائی 2026 سے کمپنی کے ملازمین کے لیے سائبر کیب کی آزمائشی سواریوں کا سلسلہ بھی شروع کیا جاچکا ہے۔لیکن سوال یہ ہے… کیا ایسی گاڑی واقعی محفوظ ہے؟اسٹیئرنگ اور پیڈلز کی عدم موجودگی نے ریگولیٹرز کے لیے بھی نئے سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔ کیونکہ روایتی گاڑی میں ڈرائیور آخری لمحے پر کنٹرول سنبھال سکتا ہے، لیکن سائبر کیب میں ایسا کوئی بیک اَپ موجود نہیں۔
ٹیسلا کی سائبر کیب بلاشبہ مستقبل کی ڈرائیونگ کی ایک حیران کن تصویر پیش کرتی ہے، مگر سوال اب بھی وہی ہے کیا انسان واقعی ڈرائیونگ کی سیٹ سے مکمل طور پر دستبردار ہونے کے لیے تیار ہے؟3 ستمبر کی لانچ تقریب کے بعد شاید اس سوال کا جواب بھی مل جائے۔







