اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دو ارکان کی تعیناتی کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اہم پیش رفت سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت الیکشن کمیشن میں نئی تعیناتیوں کا عمل شروع کرنے پر تیار ہوگئی ہے اور اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے خط کا جواب 19 اگست تک دینے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی وفد نے گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی سے ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام پہنچایا۔ وزیراعظم نے محمود اچکزئی کو وزیراعظم ہاؤس آنے کی دعوت دی۔
تاہم محمود اچکزئی نے وزیراعظم ہاؤس جانے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارلیمنٹ میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل کرے گی، طارق فضل چودھری
حکومتی وفد اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ملاقات میں چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دو ارکان کی تعیناتی کے علاوہ بانی پی ٹی آئی کی صحت اور حکومت سے مذاکرات کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔












