اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) بانی پی ٹی آئی کی صحت اور جیل میں ملاقاتوں سے متعلق اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ نے سپریم کورٹ میں 28 صفحات پر مشتمل رپورٹ جمع کرا دی۔ رپورٹ کے مطابق 28 میں سے 2 صفحات بانی پی ٹی آئی کی صحت اور ملاقاتوں سے متعلق ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کی ہر منگل کو جیل رولز کے تحت باقاعدگی سے ملاقات کرائی جاتی ہے اور اب تک دونوں کی 84 ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سلمان صفدر بھی 10 فروری اور 4 اپریل 2026 کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرچکے ہیں۔
اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ توہین عدالت کا معاملہ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں بنچ پہلے ہی نمٹا چکا ہے۔ ہائیکورٹ کے فیصلے میں سلمان اکرم راجہ کی جانب سے عدالت میں دی گئی یقین دہانی کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سلمان اکرم راجہ نے یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ ملاقات کے بعد جیل احاطے میں میڈیا سے گفتگو نہیں کریں گے، تاہم عدالتی حکم کے باوجود میڈیا سے گفتگو کرکے اس کی خلاف ورزی کی گئی۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جیل میں ملاقاتوں کے ذریعے عدلیہ، خارجہ پالیسی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف عوامی جذبات ابھارے گئے۔
اڈیالہ جیل کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا سنگل بنچ پنجاب حکومت بنام شیر افضل کیس میں جیل رولز 265 کو خلافِ قانون قرار دے چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار اور ترک وزیر خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ
رپورٹ کے مطابق جیل کے طبی افسران بانی پی ٹی آئی کے کھانے پینے کی دن میں تین مرتبہ جانچ اور طبی معائنہ کرتے ہیں۔ متعدد سرکاری معالجین بھی ان کا طبی معائنہ کرچکے ہیں جس کا ریکارڈ موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا علاج ماہر امراض چشم سے کرایا جاتا رہا ہے اور ایک آنکھ تقریباً معمول کے مطابق ہوچکی ہے۔
اڈیالہ جیل کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں 4 نومبر 2023 سے 10 اگست 2026 تک 39 مختلف طبی ماہرین کے معائنے کی تفصیلات بھی شامل کی گئی ہیں۔
رپورٹ میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ مقدمہ نمٹا دیا جائے۔












