ںیویارک(پاک ترک نیوز )ناسا کی 22 سال پرانی خلائی دوربین سوئفٹ کو تباہ ہونے سے بچانے کے لیے بھیجا گیا نجی خلائی جہاز لنک اپنا مشن مکمل کیے بغیر زمین پر واپس آکر فضا میں جل کر تباہ ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق 30 ملین ڈالر مالیت کے ناسا کے تعاون سے جاری اس مشن کا مقصد سوئفٹ دوربین کو پکڑ کر اس کا مدار بلند کرنا تھا، تاکہ وہ مزید عرصے تک کائنات میں ہونے والے بڑے دھماکوں کا مشاہدہ کرسکے۔
لنک خلائی جہاز 3 جولائی کو روانہ کیا گیا تھا، تاہم مشن کے آغاز کے کچھ ہی عرصے بعد اسے برقی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
خلائی جہاز کو سمت تبدیل کرنے والے تین پہیوں میں سے دو ناکارہ ہوگئے، جبکہ بعد میں ایک خراب والو کے باعث خلائی جہاز تیزی سے گھومنے لگا اور زمینی رابطہ بھی متاثر ہوا۔
انجینئرز نے اگرچہ لنک کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرلیا، تاہم اس وقت تک اس کے ایندھن میں اتنی کمی ہوچکی تھی کہ سوئفٹ کو بلند مدار میں منتقل کرنا ممکن نہ رہا۔
اگست میں دوربین کو بچانے کا مشن باضابطہ طور پر ختم کردیا گیا، جبکہ لنک جمعہ کو دوبارہ زمین کے ماحول میں داخل ہوکر تباہ ہوگیا۔












