راولپنڈی ( پاک ترک نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے 2 گھنٹے سے زائد وقت تک خصوصی ملاقات کی۔
وزیر اعلی کے پی گیٹ نمبر 5 سے اڈیالہ جیل کے اندر روانہ ہوئے، انہوں نے بانی پی ٹی آئی سے سپیشل ملاقات کی۔ملاقات کے بعد علی امین اڈیالہ جیل سے روانہ ہوگئے۔
علی امین گنڈا پور صبح 9 بجے اڈیالہ جیل پہنچے، جہاں ان کی بانی پی ٹی آئی سے جیل کے کانفرنس روم میں ملاقات کروائی گئی۔ یہ ملاقات دو گھنٹے کے دورانیے پر محیط تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ علی امین نے عمران خان کو خیبر پختونخوا کی گورننس سے متعلق مسائل اور صوبے کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی جبکہ بانی پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ کو پارٹی پالیسیوں، عوامی ریلیف کے اقدامات اور تنظیمی معاملات پر رہنمائی فراہم کی۔
دوسری طرف ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے علی امین گنڈا پور کے وکیل کے پیش ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے، علی امین کے خلاف آڈیو لیک کیس میں نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔












