وزیراعظم سے وزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقات
اسلام آباد (پاک ترک نیوز )وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے ملاقات کی ہے جس میں وزیر داخلہ کے دورہ تہران کے حوالے سے مشاورت کی گئی
وزیر اعظم نے دورے سے متعلق وزیر داخلہ کو رہنمائی فراہم کی۔ملاقات میں ملک کی مجموعی امن و امان اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو کرغستان کے دارلحکومت بشکیک میں ہونے والی شنگھائی تعاون کانفرنس کے موقع پر اپنی مختلف اہم ملاقاتوں سے بھی آگاہ کیا۔
وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو ملک میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے ملک میں امن و امان کے قیام اور سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطے اور مربوط حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی پیغام لے کر تہران روانہ ہوں گے
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی سپریم لیڈر سے ملاقات متوقع ہے جس میں وہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا اہم پیغام پہنچائیں گے،ملاقات میں علاقائی صورتحال اور ایران امریکا مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا












