ممبئی(پاک ترک نیوز ) بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اور سینئر اداکار نانا پاٹیکر 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار کو جمعرات کی صبح گوا میں واقع اپنی رہائش گاہ پر بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق نانا پاٹیکر کو گھر پر شدید قلبی دورہ پڑا تھا۔ طبی ٹیم نے انہیں بچانے کے لیے تقریباً 45 منٹ تک مسلسل طبی امداد فراہم کی، تاہم ان کی جان نہ بچائی جاسکی۔ مانی پال اسپتال کے ڈاکٹر شیکھر سالکر کے مطابق نانا پاٹیکر کو دل کی تکلیف ہوئی
بھارتی میڈیا کے مطابق اسپتال میں ڈاکٹروں نے صبح پانچ بج کر بیس منٹ پر ان کی موت کی تصدیق کی۔ نانا پاٹیکر کے بیٹے ملہار پاٹیکر نے بھی والد کے انتقال کی اطلاع کی تصدیق کی ہے۔
نانا پاٹیکر کا شمار بھارتی سنیما کے ان اداکاروں میں ہوتا تھا جنہوں نے ہندی اور مراٹھی فلموں میں اپنی منفرد اداکاری سے نمایاں مقام حاصل کیا۔ انہوں نے کئی دہائیوں پر محیط فنی سفر میں متعدد یادگار کردار ادا کیے اور اپنی جاندار مکالمہ ادائیگی اور مضبوط اداکاری کے باعث خاص شناخت بنائی۔
رپورٹس کے مطابق نانا پاٹیکر کی موت کی حتمی وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم بھی کیا جائے گا۔ ان کے اچانک انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد بھارتی فلمی صنعت اور مداحوں میں سوگ کی فضا ہے۔






