نئی دہلی ( پاک ترک نیوز) مشرقِ وسطیٰ میں جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث بھارت میں سرکاری آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے مئی کے رواں مہینے کے دوران چوتھی بار پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، تازہ ترین ردوبدل میں ڈیزل کی قیمت میں دو روپے اکہتر پیسے اور پٹرول کی قیمت میں دو روپے اکسٹھ پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا۔اس اضافے کے بعد پٹرول کی قیمت ایک سو دو روپے بارہ پیسے اور ڈیزل کی پچانوے روپے بیس پیسے فی لٹر ہو گئی۔
ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور سپلائی میں رکاوٹوں نے بھارت کو شدید متاثر کیا ہے، جو دنیا کا تیسرا بڑا تیل درآمد کرنے والا اور استعمال کرنے والا ملک ہے۔
بھارتی حکومت نے ایندھن کے استعمال کو محدود کرنے اور درآمدی بل کم رکھنے کے لیے کفایت شعاری کے اقدامات بھی متعارف کرائے ہیں کیونکہ پالیسی سازوں کو خدشہ ہے کہ توانائی کا بحران طویل ہو سکتا ہے۔












