لاہور(پاک ترک نیوز ) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے بھارت کے ساتھ میچ کے بائیکاٹ کے معاملے پر آئی سی سی کا وفد پاکستان کو منانے چند گھنٹوں میں لاہور پہنچ رہا ہے۔
وفد ڈپٹی چیئرمین آئی سی سی کی سربراہی میں لاہور پہنچ رہا ہے، آئی سی سی وفد اور بی سی بی وفد کے پہنچنے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا اہم اجلاس ہو گا۔
اجلاس میں پاکستان کے بائیکاٹ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بات چیت ہو گی، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی لاہور پہنچ چکے ہیں۔
آئی سی سی وفد اور بی سی بی صدر اجلاس کے بعد آج ہی واپس چلے جائیں گے، آئی سی سی وفد ساڑھے4 بجے کولمبو سے لاہور پہنچے گا۔
واضح رہےکہ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کرنے لیکن بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنےکا اعلان کیا ہے۔
بھارت کے خلاف 15 فروری کو میچ نہ کھیلنے کے فیصلے کی کئی وجوہات ہیں تاہم بنگلہ دیش کے حوالے سے آئی سی سی کا جانبدارانہ فیصلہ مرکزی حیثیت رکھتا ہے، حکومت پاکستان اس معاملے پر بنگلہ دیش کے ساتھ اظہار یکجہتی دکھانا چاہتی تھی۔
اس سے قبل سری لنکا نے بھی پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا تھا اور اپیل کی تھی کہ پاکستان بھارت کے ساتھ میچ کا بائیکاٹ نہ کرے۔












