لاہور( پاک ترک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بریسٹ کینسر سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں بیماری سے متعلق شعور اجاگر کرنے، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور بروقت طبی معائنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ کینسر کے خلاف آگاہی، احتیاط اور بروقت تشخیص زندگی بچانے کے لیے نہایت ضروری ہے۔ بریسٹ کینسر قابلِ علاج مرض ہے اور بروقت تشخیص سے علاج کے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ خواتین جسم میں کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کو نظر انداز نہ کریں اور فوری طور پر مستند معالج سے رجوع کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ان کی ہدایت پر صوبے کے تمام ہسپتالوں میں بریسٹ کینسر سے آگاہی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ خواتین میں بیماری کی بروقت تشخیص اور علاج کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے بھی کام جاری ہے۔مریم نواز شریف کے مطابق لاہور میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سینٹر تعمیر کیا جا رہا ہے، جہاں مختلف اقسام کے کینسر کے علاج کی سہولتیں فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔ ہسپتال میں بریسٹ کینسر کے تمام مراحل سمیت مختلف اقسام کے کینسر کے علاج کے لیے جدید مشینری، ادویات اور تشخیصی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ کینسر کے خلاف تحقیق کے لیے جدید تجربہ گاہ قائم کی جائے گی، جبکہ علاج کے دوران مریضوں کو نفسیاتی اور جذباتی معاونت فراہم کرنے کے لیے نفسیاتی علاج کا شعبہ بھی قائم ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: چین کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل پی ایل 17 سے مغربی فضائی نگرانی کو خطرات
مریم نواز شریف نے کہا کہ بریسٹ کینسر کے مریضوں کا مستند اعدادوشمار پر مبنی ریکارڈ مرتب کرنا علاج کی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ پنجاب بھر میں خواتین کے متعلق ضروری معلومات جمع کرنے کے لیے لیڈی ہیلتھ انسپکٹرز بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کینسر کے مریضوں کو دس لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔ حکومت خواتین کو کینسر کی تشخیص اور علاج کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بریسٹ کینسر سے متعلق شعور اجاگر کرنا، خواتین کو بروقت طبی معائنے کی ترغیب دینا اور بیماری کے خلاف اجتماعی کوششیں کرنا پوری سوسائٹی کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔












