ڈربی(پاک ترک نیوز ) کاؤنٹی چیمپئن شپ ڈویژن ٹو کے میچ میں ڈرہم نے ڈربی شائر کو 338 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ڈویژن ون میں واپسی کی جانب ایک اور اہم قدم بڑھا دیا۔
ڈرہم کی کامیابی میں نوجوان اوپنر بین مک کینی اور سابق انگلش ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس نے نمایاں کردار ادا کیا۔ بین مک کینی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 162 گیندوں پر 140 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 15 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔
بین مک کینی نے ول روڈز کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 157 رنز کی شراکت قائم کی، جبکہ بین اسٹوکس نے صرف 55 گیندوں پر ناقابل شکست 66 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
ڈرہم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 295 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی اور ڈربی شائر کو فتح کے لیے 423 رنز کا ہدف دیا۔
اس سے قبل ڈربی شائر کی ٹیم پہلی اننگز میں 156 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ ڈرہم کے فاسٹ بولر میتھیو پوٹس نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 46 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں ڈربی شائر کی دوسری اننگز بھی ڈرہم کے بولرز کے سامنے نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم صرف 84 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ میتھیو پوٹس نے دوسری اننگز میں بھی 22 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ بین اسٹوکس نے صرف 17 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
بین اسٹوکس نے ایک ہی اوور میں تین وکٹیں حاصل کرکے ڈربی شائر کی بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔ انہوں نے اپنی پہلی ہی گیند پر وکٹ حاصل کی اور پھر اگلی دو گیندوں میں بھی شکار کیے۔
میتھیو پوٹس نے میچ میں مجموعی طور پر 8 وکٹیں حاصل کیں اور کاؤنٹی چیمپئن شپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔







