اسلام آباد(پاک ترک نیوز ) امریکی سفارتخانے نے پاکستانی ہائی اسکول طلبہ کے لیے کینیڈی لوگر یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی (YES) پروگرام کے تحت اسپرنگ 2027 کے تعلیمی تبادلے کے لیے درخواستیں کھول دی ہیں۔اس مکمل فنڈڈ پروگرام کا آغاز جنوری 2027 میں ہوگا۔ منتخب طلبہ ایک سمسٹر امریکا میں قیام کریں گے، جہاں وہ امریکی میزبان خاندانوں کے ساتھ رہیں گے، مقامی ہائی اسکولوں میں تعلیم حاصل کریں گے اور قیادت، ثقافت، طرزِ حکمرانی، کاروبار اور جدتِ طرازی سے متعلق سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: غلامی کے ازالے اور معاوضے کا مطالبہ، جمیکا کا وفد کنگ چارلس کو درخواست پیش کرے گا
پروگرام کے لیے درخواست دینے والے طلبہ کے لیے عمر، تعلیمی کارکردگی اور دیگر شرائط مقرر کی گئی ہیں۔درخواست گزار کی عمر یکم جنوری 2027 کو 15 سے 17 سال کے درمیان ہونی چاہیے، جبکہ ان کی تاریخ پیدائش یکم جنوری 2010 سے یکم جنوری 2012 کے درمیان ہونی چاہیے۔طلبہ پاکستان میں درخواست کے وقت آٹھویں، نویں یا دسویں جماعت یا او لیولز میں زیرِ تعلیم ہوں۔امیدواروں نے گزشتہ تین تعلیمی سالوں میں ہر سال کم از کم 60 فیصد نمبر حاصل کیے ہوں، جبکہ انگریزی، ریاضی اور سائنس سمیت اہم مضامین میں بھی کم از کم 60 فیصد نمبر ہونا ضروری ہیں۔گزشتہ تین تعلیمی سالوں کے دوران کسی بھی مضمون میں فیل ہونے والے طلبہ پروگرام کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔
امیدوار کے لیے انگریزی میں مؤثر انداز میں رابطہ کرنے کی صلاحیت بھی ضروری ہے۔ درخواست گزار پاکستانی شہری اور پاکستان میں مقیم ہونے چاہئیں۔نویں یا دسویں جماعت کے او لیول طلبہ درخواست دے سکتے ہیں، تاہم او لیول گیارہویں جماعت کے طلبہ اہل نہیں ہوں گے۔ایسے طلبہ بھی درخواست نہیں دے سکتے جن کا تعلیمی سال ضائع ہوا ہو یا جنہوں نے کسی جماعت کو دوبارہ پڑھا ہو۔ اسی طرح پروگرام شروع ہونے سے پہلے ثانوی تعلیم مکمل یا گریجویشن کرنے والے طلبہ بھی نااہل ہوں گے۔درخواست گزاروں کے لیے جے-1 ویزا کی تمام شرائط پوری کرنا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ ایسے طلبہ بھی اہل نہیں ہوں گے جو اس سے قبل امریکا کا سفر کرچکے ہوں۔












