اسلام آباد(پاک ترک نیوز ) خطے میں جاری غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستانی سرمایہ کاری بانڈز خلیجی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش بنتے جا رہے ہیں۔ ستمبر کے پہلے 25 روز کے دوران خلیجی ممالک کے سرمایہ کاروں نے پاکستانی سرمایہ کاری بانڈز میں 12 کروڑ 98 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔
اعداد و شمار کے مطابق متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں نے پاکستانی بانڈز میں 11 کروڑ ڈالر جبکہ بحرین کے سرمایہ کاروں نے ایک کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔
ستمبر کے دوران مقررہ شرح منافع والے پاکستانی سرمایہ کاری بانڈز پر منافع کی شرح تقریباً 12.4 سے 12.5 فیصد رہی، جو خلیجی سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کا اہم محرک قرار دی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خطے کی غیر یقینی صورتحال ،پاکستانی بانڈز خلیجی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز
رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستانی سرمایہ کاری بانڈز میں مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری 20 کروڑ 37 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق خطے میں غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستان خلیجی سرمایہ کاروں کے لیے نسبتاً زیادہ منافع فراہم کرنے والی متبادل منڈی کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔
خلیجی سرمایہ کاری میں اضافے سے پاکستان کے لیے غیر ملکی سرمائے کے نئے ذرائع پیدا ہونے اور مالیاتی استحکام کے امکانات بڑھنے کی توقع ہے۔






