واشنگٹن (پاک ترک نیوز)امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ برطانیہ کے ایک ایئر بیس پر مبینہ بم حملے کی سازش میں کسی غیر ملکی فریق کے ملوث ہونے کا خدشہ ہے۔امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ رائل ایئر فورس فیئر فورڈ ایئر بیس کو امریکی فوج بھی استعمال کرتی ہے، اس لیے وہاں پیش آنے والی مبینہ سازش انتہائی سنگین معاملہ ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے اشارہ دیا کہ مبینہ غیر ملکی مداخلت سے متعلق مزید معلومات آئندہ چند روز میں سامنے آسکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ وجوہات کی بنا پر وہ اس وقت تمام تفصیلات نشر نہیں کرسکتے۔مارکو روبیو نے ان پانچ مشتبہ افراد کی ضمانت پر رہائی پر عوامی تشویش کا بھی ذکر کیا جنہیں اتوار کے روز فیئر فورڈ ایئر بیس کے قریب گرفتار کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ میں پناہ گزینوں کی آبادکاری کا منصوبہ دوبارہ کھولنے کا اعلان
انہوں نے مبینہ سازش کو ناکام بنانے میں تعاون پر برطانوی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام برطانوی تفتیش کاروں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ایران کی جانب سے امریکی مفادات کو لاحق خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ کسی بھی حملے یا حملے کی کوشش کے نتائج ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے کے اختتام پر جو کچھ ہوا، وہ ایک انتہائی سنگین خطرہ ہوسکتا تھا۔












