کابل(پاک ترک نیوز ) افغانستان میں طالبان حکومت کی پابندیوں کے باعث خواتین کے لیے بنیادی طبی سہولیات کا حصول بھی مشکل ہوگیا، مرد ڈاکٹر خواتین مریضوں کا معائنہ کرنے سے گریز کرنے لگے۔
دی گارڈین اور زن ٹائمز کی مشترکہ رپورٹ کے مطابق طالبان کے غیر اعلانیہ احکامات کے باعث افغان خواتین کو علاج معالجے کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بعض مرد ڈاکٹر خواتین مریضوں کا طبی معائنہ کرنے سے گریز کر رہے ہیں، جبکہ خواتین مریضوں کو ہسپتالوں میں ان کے اصل نام سے پکارنے پر بھی پابندی عائد کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق افغان خواتین علاج کے حصول کے لیے اپنی اور ڈاکٹروں کی جان خطرے میں ڈالنے یا بیماری کے ساتھ زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان پولو ٹیم کی پولو ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی، نائیجیریا کو شکست
طبی اور انسانی حقوق کے ماہرین کا کہنا ہے کہ خواتین پر عائد پابندیاں ان کے بنیادی حقوق اور صحت کی سہولیات تک رسائی کو متاثر کر رہی ہیں، جس سے افغانستان میں انسانی اور سماجی بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔






