واشنگٹن (پاک ترک نیوز)امریکی فضائیہ نے جدید ترین بی 21 ریڈر اسٹیلتھ بمبار طیاروں کی تیاری اور آپریشنل صلاحیت بڑھانے کے لیے اقدامات تیز کردیے۔
امریکی ریاست ٹیکساس کے ڈائس ایئر فورس بیس پر بی 21 ریڈر طیاروں کے لیے 46 ہزار مربع فٹ پر مشتمل خصوصی مشن پلاننگ کمپلیکس کی تعمیر شروع کردی گئی ہے، جس پر 7 کروڑ 80 لاکھ ڈالر لاگت آئے گی۔
یہ عمارت خصوصی طور پر بی 21 ریڈر بمبار طیاروں کے آپریشنز کے لیے تیار کی جا رہی ہے، جہاں فوجی ماہرین دشمن کے ریڈار سے بچنے والے فضائی راستوں کی منصوبہ بندی، خفیہ انٹیلی جنس کا تجزیہ اور محفوظ مواصلاتی نظام کے ذریعے جنگی مشنز کی تیاری کریں گے۔
دوسری جانب امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر پامڈیل میں بی 21 طیاروں کی تیاری کے لیے ایک نئی اسمبلی فیکٹری کی تعمیر بھی شروع کردی گئی ہے، جو 10 لاکھ مربع فٹ سے زیادہ رقبے پر مشتمل ہوگی۔
امریکی فضائیہ اور دفاعی کمپنی نارتھروپ گرومن کے معاہدے کے تحت نئی فیکٹری سے بی 21 طیاروں کی سالانہ پیداواری صلاحیت میں 25 فیصد اضافہ متوقع ہے، جس سے امریکی فوج کو نئے بمبار طیارے تیزی سے فراہم کیے جاسکیں گے۔
امریکی حکام کے مطابق ڈائس ایئر فورس بیس کی جدید کاری کے لیے آئندہ دس برس میں مجموعی طور پر ایک ارب 60 کروڑ ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔ منصوبے میں 24 سے زائد تعمیراتی اور بحالی کے منصوبے شامل ہیں، جن کے تحت ہینگرز، مرمتی مراکز اور دیگر فوجی تنصیبات کو جدید بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ محمود قریشی پی آئی سی ہسپتال منتقل
بی 21 ریڈر کو جدید اسٹیلتھ ٹیکنالوجی سے لیس طویل فاصلے تک مار کرنے والا بمبار طیارہ قرار دیا جاتا ہے، جو روایتی اور جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور دشمن کے جدید فضائی دفاعی نظام سے بچ کر کارروائی کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
امریکی فضائیہ کے مطابق بی 21 ریڈر کی آمد سے پہلے اس کے آپریشنز کے لیے ضروری زمینی سہولیات اور محفوظ مواصلاتی نظام کو فعال بنایا جا رہا ہے، تاکہ نئے طیاروں کی تیاری کے بعد انہیں جنگی اسکواڈرن میں شامل کرنے میں تاخیر نہ ہو۔





