واشنگٹن ( پاک ترک نیوز) امریکہ نے ایران سے جوہری پروگرام دوبارہ نہ شروع کرنے کی قابل تصدیق ضمانت مانگ لی ۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس کی جانب سے کہا گیا کہ امریکہ ایران کیخلاف بعض پہلوئوں سے فیصلہ کن کامیابی حاصل کر چکا ہے اور ایران کے جوہری پروگرام کو بھی تباہ کردیا گیا ہے ۔تاہم واشنگٹن اب تہران سے طویل مدت کے لیے قابلِ تصدیق ضمانت چاہتا ہے کہ وہ اپنا جوہری پروگرام دوبارہ بحال نہیں کرے گا۔
قطری خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی نائب جے ڈی وینس نے عوامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی توجہ اس بات کو یقینی بنانے پر ہے کہ ایران آئندہ برسوں میں دوبارہ جوہری ہتھیار بنانے یا یورینیم افزودگی کی صلاحیت بحال کرنے کی کوشش نہ کرے۔
امریکی نائب صدر نے سوال اٹھایا کہ آیا ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودہ انتظامیہ کے بعد، پانچ سال گزرنے پر، ایران دوبارہ جوہری ہتھیاروں کا ذخیرہ یا یورینیم افزودگی کی صلاحیت قائم کرنے کی کوشش کرسکتا ہے؟ ان کے مطابق امریکا ایران سے ایسی طویل مدتی یقین دہانی چاہتا ہے جس کی تصدیق بھی کی جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں: سہ ملکی سیریز : پاکستان کی سری لنکا کیخلاف بیٹنگ جاری
دوسری جانب ایران طویل عرصے سے جوہری ہتھیار بنانے کے ارادے کی تردید کرتا آیا ہے۔ تہران کا مؤقف ہے کہ اسے بجلی کی پیداوار، طبی تحقیق اور دیگر پُرامن مقاصد کے لیے جوہری پروگرام چلانے کا حق حاصل ہے۔












