واشنگٹن(پاک ترک نیوز )امریکی فوج نے ایران کے خلاف ممکنہ نئے بڑے فوجی حملوں کی تیاریوں کے دوران سعودی عرب اور قطر میں توانائی کی اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے دو اضافی پیٹریاٹ میزائل بیٹریاں تعینات کردی ہیں۔
امریکی ویب سائٹ ایکسیوس نے دو امریکی حکام اور علاقائی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ایک پیٹریاٹ میزائل بیٹری گزشتہ ماہ سعودی عرب میں ایک اہم تیل تنصیب کے دفاع کے لیے تعینات کی گئی تھی۔
دوسری پیٹریاٹ بیٹری قطر میں قدرتی گیس کی ایک بڑی تنصیب کے تحفظ کے لیے نصب کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی فوج کی جانب سے ان دفاعی نظاموں کی تعیناتی کا مقصد سعودی عرب اور قطر کی توانائی تنصیبات کو ممکنہ ایرانی حملوں سے محفوظ بنانا ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکا دونوں خلیجی ممالک کو یہ یقین دہانی کرانا چاہتا ہے کہ اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف دوبارہ بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی شروع کرتے ہیں تو سعودی عرب اور قطر کی اہم توانائی تنصیبات کے تحفظ کے لیے امریکی دفاعی نظام موجود ہوگا۔
ایران کے خلاف ممکنہ نئی امریکی کارروائی کے تناظر میں خلیجی ممالک میں امریکی دفاعی تیاریوں میں اضافہ خطے میں بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی کی عکاسی کرتا ہے۔












