اسلام آباد(پاک ترک نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے بھرپور احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے خیبرپختونخوا میں کیے گئے اقدام کو مسترد کر دیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کہیں بھی منتخب حکومت کو اس طرح برطرف نہیں کیا جاتا۔ ان کے بقول آرٹیکل اٹھاون ٹو بی کو دوبارہ زندہ کیا گیا ہے، جس کی وہ شدید مذمت کرتے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اس اقدام سے ملک کو نقصان پہنچے گا اور صوبائی خودمختاری متاثر ہوگی۔ ان کے مطابق اس سے دہشت گردی کے خلاف بنایا گیا بیانیہ بھی کمزور ہوگا۔ اگر خراب حالات کی بنیاد پر ایمرجنسی نافذ کرنا مقصود تھا تو کچے کے علاقے میں بھی ایمرجنسی نافذ کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کا فیصلہ آئین کے مطابق کیا، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی۔ پنجاب میں تحریک انصاف کی تمام نشستیں چھین لی گئیں، جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی ان کے بقول تمام اختیارات لے لیے گئے ہیں۔












