اسلام آباد (پاک ترک نیوز)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کاکہنا ہے ایران پر واضح کردیا تھا کہ سعودی عرب کےلیے پاکستانیوں کی جان بھی حاضر ہے۔
بین الاقوامی پیغام اسلام کانفرنس سے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ ایران پر اسرائیل حملے کرتا تھا، جواب میں ایران مسلم ممالک پر حملے کر رہا تھا، وہ کہتے یہ تھے کہ امریکی اڈے ان کا ہدف ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ فریقین کو باور کرایا کہ پاکستان کے لیے سعودی عرب نو گو ایریا ہے، کوئی اس کی طرف میلی آنکھ سے نہ دیکھے، پاکستان اور سعودی عرب کا دفاعی معاہدہ اہم سنگِ میل ہے۔
اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ ایران پر حملہ ہوا تو پاکستان نے بھرپور کردار ادا کیا، فریقین میں سیز فائر کروایا۔اب کوشش یہ ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان سیزفائر مستقل جنگ بندی پر ختم ہو، امت کے مفادات کا تحفظ پاکستان کی ترجیح ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب سمیت تمام مسلم ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، معرکۂ حق میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو سرخرو کیا، پاکستان کو کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔











