ڈیرہ اسماعیل خان (پاک ترک نیوز )ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ڈی آئی خان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن میں 3 اہم سرغنہ بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے بعد ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے غیر ملکی کرنسی، بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ڈی آئی خان آپریشن میں 8 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں امن و استحکام کے لیے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم نے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی بہادری اور عزم کو بھی سراہا۔












