نیویارک : (پاک ترک نیوز)امریکا کے شمال مشرقی علاقوں پر ایک انتہائی طاقتور اور تاریخی برفانی طوفان نے دھاوا بول دیا ہے، جس کے باعث تقریباً 5 کروڑ 90 لاکھ افراد موسم سے متعلق وارننگز کی زد میں آ گئے ہیں، بڑے پیمانے پر بجلی بند ہو گئی ہے اور نیویارک شہر میں سفری پابندی نافذ کر دی گئی ہے۔
متعدد ریاستوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا ہے جن میں Massachusetts، Connecticut، Delaware، New Jersey اور Rhode Island شامل ہیں، جبکہ شدید برفباری کے باعث کئی علاقوں میں سفر پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اور ہزاروں پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔
ماہرین موسمیات کے مطابق اتوار کی شام سے پیر تک امریکا کے شمال مشرقی حصے اور کینیڈا کے ساحلی علاقوں میں اس طوفان کے شدید اثرات محسوس کیے جائیں گے۔
یہ تقریباً ایک دہائی بعد آنے والا سب سے طاقتور "نوریسٹر” طوفان قرار دیا جا رہا ہے جو شدید برفباری، خطرناک ہواؤں اور ساحلی سیلاب کا باعث بنے گا۔
تقریباً 4 کروڑ افراد براہ راست برفانی طوفان کی وارننگ میں ہیں جبکہ مزید 1 کروڑ 90 لاکھ افراد شدید سردی اور برفانی طوفان کے الرٹ کے تحت ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری کی رفتار فی گھنٹہ 2 سے 3 انچ تک پہنچ سکتی ہے جبکہ کئی علاقوں میں مجموعی برف 1 سے 2 فٹ تک گرنے کا امکان ہے جس سے سفر تقریباً ناممکن ہو جائے گا۔
نیویارک میں 9 سال بعد پہلی بار برفانی طوفان کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ شہر میں 18 سے 24 انچ تک برفباری اور درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کی پیش گوئی ہے۔
میئر ظہران ممدانی نے رات 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک مکمل ٹریول بین نافذ کر دیا ہے، تمام سڑکیں، پل اور ہائی ویز بند ہوں گی، اسکول بھی بند رہیں گے اور صرف ہنگامی گاڑیوں کو اجازت ہوگی۔
انہوں نے شہر میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ بعض علاقوں میں برفباری 28 انچ تک پہنچ سکتی ہے۔ریاست نیویارک کی گورنر Kathy Hochul نے بھی پورے صوبے میں ہنگامی حالت نافذ کر کے نیشنل گارڈ کے تقریباً 100 اہلکار متحرک کر دیے ہیں اور کہا ہے کہ "یہ کئی برسوں میں نہ دیکھی گئی صورتحال ہوگی، لوگ اندھیرے میں چلے جائیں گے اور لانگ آئی لینڈ سے لے کر نیویارک سٹی تک طوفان کا مرکز ہوگا۔”
نیو جرسی میں 20 ہزار سے زائد افراد بجلی سے محروم ہو چکے ہیں جبکہ Virginia، Delaware اور Maryland میں بھی ہزاروں گھروں کی بجلی بند ہے۔
اتوار کے روز تقریباً 3 ہزار 900 پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ سینکڑوں تاخیر کا شکار ہوئیں۔شدید ہواؤں کی رفتار ساحلی علاقوں میں 65 سے 70 میل فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے جس سے درخت گرنے اور مزید بجلی بند ہونے کا خطرہ ہے۔
براڈوے کے تمام شوز منسوخ کر دیے گئے ہیں جبکہ New York Racing Association نے گھڑ دوڑ کے مقابلے بھی ملتوی کر دیے ہیں۔Rhode Island میں بھی سفری پابندی نافذ کر دی گئی ہے اور سرکاری دفاتر بند کر دیے گئے ہیں جبکہ Connecticut میں ہائی ویز پر کمرشل گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ Pennsylvania میں بھی آفات سے نمٹنے کا اعلان کر کے عوام کو غیر ضروری سفر سے روک دیا گیا ہے۔
امریکی دارالحکومت واشگنٹن ڈی سی میں طوفان کے اثرات نسبتاً کم ہوں گے تاہم کئی اسکول بند کر دیے گئے ہیں اور سرکاری ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔






