اسلام آباد(پاک ترک نیوز ) وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا سے متعلق حکم نامہ جاری کرتے ہوئے صوبے کے انتظامی امور میں گورنر کی معاونت کے لیے 11 رکنی مشاورتی کونسل تشکیل دے دی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کونسل کے قیام اور ارکان کے ناموں کا اعلان کیا۔
حکم نامے کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا وفاقی حکومت کی جانب سے صوبائی حکومت کے امور انجام دیں گے اور فرائض کی ادائیگی میں مشاورتی کونسل کی معاونت حاصل کریں گے۔ صوبائی امور آئینی دفعات اور خیبر پختونخوا حکومت کے قواعدِ کار 1985 کے مطابق چلائے جائیں گے۔ حکم نامے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
مشاورتی کونسل میں طارق محمود پاشا، ڈاکٹر عامر عبداللہ، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نگار جوہر، ثمر بلور، ڈاکٹر سرفراز علی، عامر جاوید، ڈاکٹر ایم ارشاد، کفایت اللہ، طیب قریشی، عثمان سیف اللہ خان اور آصف رفیق شامل ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق محمد یحییٰ اخونزادہ مشاورتی کونسل کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوں گے، جبکہ کونسل کا اپنا الگ سیکریٹریٹ قائم کیا جائے گا اور اسے براہ راست فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔
حکم نامے میں ثنا اللہ ایڈووکیٹ کو خیبر پختونخوا کا ایڈووکیٹ جنرل مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ عطا اللہ تارڑ نے مشاورتی کونسل کے ارکان کو ’’شائننگ اسٹارز‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کونسل صوبے کے انتظامی امور میں گورنر خیبر پختونخوا کی معاونت کرے گی۔












