اسلام آباد (پاک ترک نیوز )سپریم کورٹ کے حکم کے بعد بانی پی ٹی آئی کو شفا اسپتال منتقل کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ افسران نے بانی پی ٹی آئی کی شفا اسپتال منتقلی کے لیے سیکیورٹی انتظامات پر کام شروع کردیا ہے۔
پولیس نے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے لیے خصوصی پلان مرتب کرنا شروع کردیا، جبکہ تمام اعلیٰ پولیس افسران کی چھٹیاں منسوخ کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :نورین نیازی کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت مل گئی
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو بھی ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ ہر تھانے میں 20 جوانوں کو فوری ڈیوٹی کے لیے تیار رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو شفا اسپتال منتقل کرنے کے دوران سیکیورٹی، روٹ اور اسپتال کے اطراف میں تعیناتی سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دینے پر کام جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دینے کے بعد مختلف مقامات پر اضافی نفری بھی تعینات کی جا سکتی ہے۔












