اسلام آباد (پاک ترک نیوز )پی ڈی ایم اے نے عید تعطیلات کے دوران صوبے بھر میں شدید ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا، 25 سے 31 مئی تک گرمی کی شدت میں نمایاں اضافے کا امکان ہے
محکمہ موسمیات کے مطابق 25 مئی سے بالائی فضاؤں میں ہائی پریشر سسٹم بننے اور 26 مئی سے مزید شدت اختیار کرنے کا امکان ہے، خیبر پختونخوا میں معتدل سے شدید ہیٹ ویو متوقع۔ ڈی آئی خان، ٹانک، بنوں، کرک اور لکی مروت میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے اور 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے
پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، ہری پور، مہمند، باجوڑ، خیبر، ہنگو، شمالی وزیرستان اور کوہاٹ میں درجہ حرارت 42 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی
چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، ایبٹ آباد، کوہستان، مانسہرہ، کرم اور جنوبی وزیرستان سمیت بالائی اضلاع میں بھی شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو انسانی جانوں، فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کیلئے پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی،عوام کو صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی
پی ڈی ایم اے کی جانب سے شہریوں کو پانی کا زیادہ استعمال یقینی بنانے، ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہننے اور ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے
عوام کو ہیٹ سٹروک، ڈی ہائیڈریشن اور گرمی سے متعلق بیماریوں کی علامات سے آگاہ کرنے کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلانے کی ہدایات جاری کی گئیں












