لاہور( پاک ترک نیوز) پنجاب حکومت نے آبی زراعت کے فروغ اور نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے جھینگا فارمنگ انٹرن شپ پروگرام شروع کر دیا ، جس کے تحت منتخب امیدواروں کو ماہانہ ایک لاکھ روپے وظیفہ دیا جائے گا۔
فشریز ڈیپارٹمنٹ کے تحت شروع کیے گئے اس پروگرام میں فشریز، زولوجی، میرین سائنسز، بائیولوجیکل سائنسز یا متعلقہ شعبوں سے ڈگری رکھنے والے گریجویٹس درخواست دے سکتے ہیں۔
منتخب امیدواروں کو شرمپ فارمنگ کی عملی تربیت دی جائے گی، جس میں ہیچری مینجمنٹ، تالابوں کا انتظام، جھینگوں کی صحت، پانی کے معیار کی نگرانی، خوراک کی فراہمی اور جدید ایکوا کلچر تکنیکوں سے متعلق عملی مہارتیں شامل ہوں گی۔ تربیت صنعت کے ماہرین کی نگرانی میں فراہم کی جائے گی۔
فشریز ڈیپارٹمنٹ کے مطابق اس پروگرام کا مقصد پاکستان کے ابھرتے ہوئے ایکوا کلچر شعبے کے لیے تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کرنا اور نوجوانوں کو کمرشل شرمپ فارمنگ کی جانب راغب کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تھر کول ریلوے رابطہ منصوبہ 60 فیصد مکمل، دسمبر 2026 تک تکمیل کا ہدف
یہ منصوبہ پنجاب حکومت کی اس وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے ذریعے شرمپ کی پیداوار میں اضافہ، برآمدات کو فروغ اور زرعی شعبے میں اعلیٰ مالیت کی آبی زراعت کو فروغ دیا جائے گا۔
محکمہ فشریز نے دلچسپی رکھنے والے امیدواروں سے مقررہ آخری تاریخ تک درخواستیں طلب کر لی ہیں، جبکہ اہلیت، درخواست دینے کے طریقہ کار اور مطلوبہ دستاویزات سے متعلق تفصیلات محکمہ فشریز سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔












