واشنگٹن ( پاک ترک نیوز) امریکی بحریہ کے اس وقت صرف چار طیارہ بردار جنگی جہاز ایئرکرافٹ کیریئرز مختلف علاقوں میں آپریشنل تعیناتی پر موجود ہیں، جبکہ باقی جہاز مرمت، دیکھ بھال اور تربیتی سرگرمیوں کی وجہ سے اپنی بندرگاہوں پر ہیں۔
امریکی قانون کے مطابق بحریہ کے پاس 11 جوہری توانائی سے چلنے والے طیارہ بردار جنگی جہاز برقرار رکھنا ضروری ہے، تاکہ دنیا کے مختلف خطوں میں ہر وقت کم از کم تین سے چار کیریئرز تعینات رکھے جا سکیں، جبکہ دیگر جہاز لازمی مرمت، اپ گریڈیشن اور عملے کی تربیت سے گزرتے رہیں۔
تاہم اس وقت امریکی بحریہ کے 10 نِمٹز کلاس سپر کیریئرز میں سے چار بیرونِ ملک مختلف مشنز پر تعینات ہیں، جبکہ ایک اور کیریئر کو نیویارک میں منعقد ہونے والی انٹرنیشنل نیول ریویو 250 کی تقریب میں شرکت کے لیے بھیجا گیا ہے۔
دوسری جانب باقی چھ طیارہ بردار جنگی جہاز اپنی مستقل بندرگاہوں پر موجود ہیں، جہاں ان کی معمول کی دیکھ بھال، بڑی مرمت یا جدید اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں طالبان رجیم تقسیم کا شکار ، طالبان کمانڈر قتل
ماہرین کے مطابق طیارہ بردار جنگی جہاز دنیا کے پیچیدہ ترین عسکری پلیٹ فارمز میں شمار ہوتے ہیں، اس لیے ان کی طویل المدتی مرمت اور دیکھ بھال ناگزیر ہوتی ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر وہ فوری طور پر عالمی سطح پر آپریشنز انجام دے سکیں۔












