تہران ( پاک ترک نیوز) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران ایران کی قومی فٹبال ٹیم نے امریکی شہر لاس اینجلس کے سوفی اسٹیڈیم میں اپنے لاکر روم میں ایک ہاتھ سے لکھا گیا جذباتی پیغام چھوڑا، جس نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔
خط میں ایران کی تاریخ، ثقافت اور قومی جذبے کا ذکر کرتے ہوئے لکھا گیا کہ قدیم فارس سے جدید ایران تک، ایرانی قوم کی روح آج بھی زندہ اور مضبوط ہے۔ ٹیم نے لاس اینجلس کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ فخر کے ساتھ یہاں آئے، عزت کے ساتھ مقابلہ کیا اور وقار کے ساتھ واپس جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: میسی کو خصوصی رعایت ملی؟ الجزائری تجزیہ کار کے بیان پر ہنگامہ
پیغام میں دنیا بھر کے ایرانی شائقین کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جنہوں نے دونوں میچز کے دوران بھرپور حمایت کی۔ خط میں لکھا گیا کہ ہر اس ایرانی کا شکریہ جس نے ان 180 منٹوں میں اپنا دل، اپنی آواز اور اپنی روح وطن کے نام کی۔
خط کے اختتام پر دنیا بھر کی اقوام کے لیے امن، احترام اور دوستی کا پیغام بھی دیا گیا، جس نے اسے محض ایک شکریہ نوٹ نہیں بلکہ انسانیت اور یکجہتی کی علامت بنا دیا۔
رپورٹس کے مطابق خط میں چند ہیش ٹیگز بھی شامل تھے جو ایران کے شہر میناب میں پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے کی طرف اشارہ کرتے ہیں، جس کا ذکر جاری تنازع کے تناظر میں کیا گیا۔








