کوالالمپور ( پاک ترک نیوز) ملائیشیا کی حکومت نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے سبسڈی والے ڈیزل کی قیمت 2 اعشاریہ 10 رنگٹ فی لٹر مقرر کرنے کا اعلان کر دیا۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق جولائی سے نئے نظام کا آغاز ہوگا، جس کے تحت صرف ملائیشین شہری قومی شناختی کارڈ، یعنی مائی کارڈ، کے ذریعے سبسڈی والا ڈیزل حاصل کر سکیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سرکاری سبسڈی کو براہِ راست مستحق شہریوں تک پہنچانا اور ڈیزل کی اسمگلنگ و غیر قانونی استعمال کا خاتمہ کرنا ہے۔
فی الوقت ڈیزل 2 اعشاریہ 15 رنگٹ فی لیٹر کے حساب سے فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ جزیرہ نما ملائیشیا میں غیر سبسڈی شدہ قیمت 4 اعشاریہ 37 رنگٹ فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے۔
نئے نظام کے تحت سباح اور سراواک کے صارفین کو بھی مزید ریلیف ملے گا اور انہیں ڈیزل 2 اعشاریہ 10 رنگٹ فی لیٹر کے حساب سے دستیاب ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرول ،ڈیزل سستا،مہنگائی بدستور برقرار
وزارتِ خزانہ کے مطابق ماضی میں سبسڈی والے اور غیر سبسڈی والے ڈیزل کی قیمت میں بڑے فرق کی وجہ سے اسمگلنگ اور سبسڈی کے غلط استعمال کے واقعات سامنے آتے رہے، جس سے قومی خزانے پر اضافی بوجھ پڑا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اب سبسڈی صرف ملائیشین شہریوں تک محدود ہوگی جبکہ غیر ملکیوں اور غیر مستحق افراد کو مارکیٹ ریٹ پر ڈیزل خریدنا ہوگا۔












