کراچی ( پاک ترک نیوز)
ایک خاندان… خوشیوں بھرے سفر کا آغاز کرتا ہے۔ گاڑی میں قہقہے، ہلکی پھلکی گفتگو اور راستے کے حسین لمحات کو محفوظ کرنے کے لیے کیمرہ آن تھا۔ کسی کو اندازہ بھی نہ تھا کہ یہی ویڈیو چند گھنٹوں بعد سوشل میڈیا پر غم اور افسوس کی علامت بن جائے گی۔
کراچی سے کوئٹہ جانے والے ایک خاندان سے متعلق ایک افسوسناک واقعے کے بعد ان کی مبینہ آخری وی لاگ سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہی ہے، جس نے دیکھنے والوں کو آبدیدہ کر دیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد سے تعلق رکھنے والا یہ خاندان سیاحت کی غرض سے بلوچستان روانہ ہوا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ جب ان کی گاڑی ضلع کیچ کے دشت کے علاقے کھنڈ کے قریب پہنچی تو وہاں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں رینجرز کے کیمپ پر حملے میں ملوث زخمی دہشت گرد کے اہم انکشافات
رپورٹس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے خاندان کے سربراہ علی جمیل جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ان کی اہلیہ شدید زخمی ہوئیں۔ گاڑی میں موجود ان کی دو کم عمر بیٹیاں محفوظ رہیں۔
اس افسوسناک واقعے کے بعد سب سے زیادہ توجہ اس خاندان کی مبینہ آخری وی لاگ نے حاصل کی، جو اب مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے شیئر کی جا رہی ہے۔
ویڈیو میں خاندان خوشگوار ماحول میں سفر سے لطف اندوز ہوتا دکھائی دیتا ہے۔ معمول کی گفتگو، مسکراہٹیں اور سفر کے یادگار لمحات کیمرے میں محفوظ کیے جا رہے ہیں۔ کسی کو یہ احساس نہ تھا کہ یہی مناظر بعد میں ایک المناک یاد بن جائیں گے۔
یہ وی لاگ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد متاثرہ خاندان کے لیے افسوس اور تعزیت کا اظہار کر رہی ہے۔ متعدد افراد دعاؤں اور ہمدردی کے پیغامات شیئر کر رہے ہیں، جبکہ بعض صارفین واقعے کے مختلف پہلوؤں پر سوالات بھی اٹھا رہے ہیں۔ دوسری جانب حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید حقائق سامنے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔












