مظفر آباد ( پاک ترک نیوز) آزاد کشمیر میں انتخابی دنگل سج گیا، پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبر میں پولنگ جاری ہے ۔۔ تیرہ حلقوں میں ووٹنگ شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
ضلع میرپور کی چار، بھمبر کی تین اور کوٹلی کی چھ نشستوں پر 287امیدواروں میں زور آزمائی ہے۔ ن لیگ، پیپلرپارٹی، آئی پی پی اورجماعت اسلامی میں کانٹےکا مقابلہ متوقع ہے۔
میرپور ڈویژن میں ووٹرز کی کل تعداد 14لاکھ ایک ہزار 439 ہے ، دو ہزار454پولنگ سٹیشنز اور3ہزار 701پولنگ بوتھ قائم کیے گئے۔ ایک ہزار 241پولنگ سٹیشن انتہائی حساس اور 724کو حساس قرار دیے گئے ہیں ۔الیکشن کیلئے میر پور ڈویژن میں آج عام تعطیل ہے۔
میر پور ڈویژن میں الیکشن کیلئے فول پروف انتظامات کیے گئے ، 18ہزار 560سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں کون بنائے گا حکومت؟
چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ مصطفیٰ مغل کا کہنا ہے میرپور ڈویژن میں انتخابی عمل کے شفاف، آزاد، غیر جانبدار اور پرامن انعقاد کے لیے تمام انتظامات کیے گئے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔عوام بلا خوف و خطر گھروں سے نکلیں ۔ مقررہ وقت کے اندر اپنا جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے ووٹ ضرور کاسٹ کریں۔












