واشنگٹن ( پاک ترک نیوز) عالمی سیاست میں بڑی پیش رفت۔۔۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی ممکنہ سہ فریقی ملاقات کی وائٹ ہاؤس نے تصدیق کردی۔امریکی جریدے نیویارک پوسٹ کے مطابق چین کے شہر شینزن میں جمعرات کو تینوں عالمی رہنماؤں کی ملاقات متوقع ہے۔ملاقات میں جوہری ہتھیاروں میں کمی اور کنٹرول کے معاملات پر بات چیت ہوگی، جبکہ شمالی کوریا، یوکرین اور ایران کی صورتحال بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے۔
امریکی حکام کے مطابق اس ملاقات سے کسی باضابطہ معاہدے کی توقع نہیں، تاہم جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے مذاکرات اہم پیش رفت ثابت ہوسکتے ہیں۔تینوں رہنماؤں کی اس مجوزہ ملاقات کو 1945 کی تاریخی یالٹا کانفرنس سے بھی جوڑا جا رہا ہے، جس میں امریکی صدر فرینکلن روزویلٹ، برطانوی وزیراعظم ونسٹن چرچل اور سوویت رہنما جوزف اسٹالن نے دوسری جنگ عظیم کے بعد یورپ کے مستقبل سے متعلق فیصلے کیے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سینڈ پیپر اسکینڈل، ڈیوڈ وارنر کا کرکٹ آسٹریلیا پر تحقیقات میں جانبداری کا الزام
یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے بھی مجوزہ ملاقات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شینزن میں 21ویں صدی کی یالٹا کانفرنس جیسا کوئی فیصلہ ہوسکتا ہے، جس کے ذریعے عالمی اثر و رسوخ کے دائرے تقسیم کیے جائیں اور یوکرین کے مستقبل سے متعلق فیصلے اس کی عدم موجودگی میں کیے جائیں۔












