اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) ایئرکرافٹ اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن (اے او او اے) نے دعویٰ کیا ہے کہ ایئرلائنز ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدن کا بڑا حصہ غیر ملکی پیمنٹ گیٹ ویز کے ذریعے بیرون ملک منتقل کر رہی ہیں، جس کا بڑا حصہ پاکستان کے مالیاتی نظام اور ٹیکس حکام کے ریکارڈ میں نظر نہیں آتا۔
ایسوسی ایشن کے بانی عمران اسلم خان نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو خط لکھ کر تمام ایئرلائنز کے گزشتہ پانچ سال کا فرانزک ٹیکس آڈٹ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔خط کے مطابق پاکستان میں سالانہ ایئرلائن ٹکٹوں کی فروخت سے 3 ارب 20 کروڑ سے 3 ارب 60 کروڑ ڈالر آمدن ہوتی ہے، جبکہ پی آئی اے کا حصہ تقریباً 75 کروڑ ڈالر اور دیگر مقامی ایئرلائنز کی مجموعی آمدن 6 کروڑ 50 لاکھ ڈالر بتائی گئی ہے۔ایسوسی ایشن کا دعویٰ ہے کہ دستیاب مالیاتی ریکارڈ کے مطابق زیادہ سے زیادہ ایک ارب 22 کروڑ 60 لاکھ ڈالر ہی سامنے آتے ہیں، جبکہ 2 ارب سے 2 ارب 40 کروڑ ڈالر کا فرق موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل، ہائیکورٹ کا حکم امتناع جاری
اے او او اے نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان سے شروع یا پاکستان آنے والے تمام فضائی سفر کے ٹکٹوں کی ادائیگیاں اسٹیٹ بینک سے ریگولیٹڈ مقامی پیمنٹ گیٹ ویز کے ذریعے کی جائیں، ایف بی آر کو ادائیگیوں کے نظام سے منسلک کیا جائے اور ہر پرواز کے مسافروں اور ٹکٹوں کی فروخت کا ریکارڈ خودکار طریقے سے جمع کرایا جائے۔ایسوسی ایشن نے تین بین الاقوامی آڈٹ فرموں کے ذریعے گزشتہ پانچ سال کا فرانزک آڈٹ کرانے اور ٹیکس واجبات کی وصولی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔












