راولپنڈی (پاک ترک نیوز)راولپنڈی میں ٹی وی اینکر ربیعہ کے قتل کی تحقیقات جاری ہیں، تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم احسن طاہر اور ربیعہ کے درمیان چیٹ کا مکمل ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے، جبکہ ملزم نے واقعے کو مبینہ طور پر حادثاتی فائرنگ قرار دیا ہے۔
راولپنڈی میں ٹی وی اینکر ربیعہ کے قتل کیس کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم احسن طاہر کے موبائل فون کا ابتدائی تجزیہ مکمل کر لیا گیا ہے اور ملزم و ربیعہ کے درمیان ہونے والی گفتگو کا مکمل ڈیٹا بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان چیٹ کے جائزے میں لڑائی جھگڑے یا تلخی کا کوئی عنصر سامنے نہیں آیا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم نے بیان میں بتایا کہ اس نے تقریباً چھ ماہ قبل اپنے ایک دوست سے غیر قانونی پستول حاصل کیا تھا اور پستول اور اس کا لوڈڈ میگزین الگ الگ جگہوں پر رکھے ہوئے تھے۔
ملزم کے مطابق ممکنہ طور پر میگزین نکالتے وقت پستول کے چیمبر میں ایک گولی موجود رہ گئی تھی۔ اس نے بتایا کہ الماری سے کپڑے نکالتے ہوئے پستول ہاتھ آیا، جس میں میگزین موجود نہیں تھی۔ اسے لگا کہ پستول میں گولی نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انڈر 19 ایشیا کپ: بنگلہ دیش نےپاکستان کو 139 رنز کا ہدف دے دیا
تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم نے بیان دیا کہ پستول خالی ہونے کے یقین پر اس نے ربیعہ کی جانب نشانہ بنا کر مذاق میں ٹریگر دبا دیا، تاہم گولی چلنے سے ربیعہ زخمی ہو کر زمین پر گر پڑیں اور خون بہنے لگا۔
ملزم کے مطابق واقعے کے بعد اس نے گھبراہٹ میں ریسکیو 1122 کو کال کی۔ ریسکیو اہلکاروں نے ربیعہ کی سانس بحال کرنے کی کوشش کی، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کے بیان اور واقعے کی تفصیلات کی روشنی میں تحقیقات آگے بڑھائی جا رہی ہیں، جبکہ جائے وقوعہ کے حالات و واقعات اور ملزم کے بیانات کی باہمی مطابقت کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔






