اسلام آباد( پاک ترک نیوز ) 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سماعت آج دوپہر 12 بجے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوگی۔چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ اپیلوں کی سماعت کرے گا، عدالت نے فریقین سے حتمی دلائل طلب کر رکھے ہیں۔دوسری جانب اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد وکیل سلمان صفدر نے بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق اپنا جواب عدالت میں جمع کرا دیا ہے، جس میں ان کی بینائی شدید متاثر ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔
سلمان صفدر کے مطابق 31 اکتوبر کو جیل حکام نے انہیں اطلاع دی کہ 2 نومبر کو سہ پہر ساڑھے تین بجے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقات طے ہے، تاہم ملاقات شام 4 بجے شروع ہوئی اور تقریباً 40 منٹ جاری رہی۔وکیل کے مطابق ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی نے انتہائی گہرے سیاہ رنگ کا چشمہ پہن رکھا تھا۔ ان کے اور عمران خان کے کہنے پر جب انہوں نے چشمہ اتارا تو وہ شدید پریشانی میں دکھائی دیں۔سلمان صفدر کے مطابق بشریٰ بی بی نے بتایا کہ وہ سورج کی روشنی اور مصنوعی روشنی برداشت نہیں کر سکتیں اور چشمے کے بغیر آنکھیں بھی نہیں کھول پاتیں۔وکیل نے اپنے جواب میں مزید بتایا کہ بشریٰ بی بی کے مطابق جیل میں معائنے کے لیے آنے والے ڈاکٹروں نے ان کی بیماری کو میچور کیٹریکٹ یعنی پختہ موتیا قرار دیا ہے، جبکہ انہیں 15 نومبر کے قریب آنکھوں کے ایک اور آپریشن کی ضرورت سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔
سلمان صفدر کے مطابق انہیں محسوس ہوا کہ بشریٰ بی بی کی بینائی شدید متاثر ہو چکی ہے، جبکہ عمران خان بھی ان کی بگڑتی ہوئی بینائی پر پریشان دکھائی دیے۔بشریٰ بی بی نے جیل میں صفائی کے معیار اور فراہم کیے جانے والے علاج پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان کا طبی معائنہ اور علاج ان کے اپنے ڈاکٹروں سے کروایا جائے۔وکیل سلمان صفدر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ یہ معاملہ عدالت کے نوٹس میں لائیں گے۔












