لندن(پاک ترک نیوز )مشہور فینٹسی سیریز ہیری پوٹر کے مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ مصنفہ جے کے رولنگ نے دو نئی کتابیں شائع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جو تئیس فروری دو ہزار ستائیس کو برطانیہ میں دستیاب ہوں گی۔
دونوں کتابیں ’’پاکٹ پوٹرز‘‘ کے سلسلے کا حصہ ہیں، جن میں جادوئی دنیا کے مشہور کرداروں کو تصویری انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔ یہ سلسلے کی آٹھویں اور نویں کتابیں ہوں گی۔
پہلی کتاب کا نام ’’پروفیسر میک گونگل‘‘ ہے، جس میں ہاگ وارٹس اسکول کی معروف استاد کے کردار اور ان سے جڑی دلچسپ باتوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ کتاب میں خوبصورت تصاویر کے ساتھ معلومات، یادگار مکالمے اور ایسے پوشیدہ اشارے بھی شامل ہوں گے جو ہیری پوٹر کے مداحوں کے لیے خاص دلچسپی رکھتے ہیں۔
دوسری کتاب ’’فریڈ اور جارج ویزلی‘‘ کے نام سے شائع ہوگی، جس میں جادوئی دنیا کے مشہور شرارتی جڑواں بھائیوں کی دلچسپ حرکتوں اور ہاگ وارٹس کے خفیہ راستوں سے متعلق ان کی معلومات کو نمایاں کیا جائے گا۔
دونوں کتابیں بتیس صفحات پر مشتمل ہوں گی اور ان کی تحریر بھی جے کے رولنگ نے خود لکھی ہے۔ ان میں کرداروں سے متعلق دلچسپ حقائق، منتخب مکالمے اور رنگین تصاویر شامل کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل، مائیکروسافٹ اور اوپن اے آئی کا ویب سائٹس کے ڈیٹا کے تحفظ کے لیے مشترکہ اقدام
یہ کتابیں برطانیہ میں تئیس فروری جبکہ امریکا میں دو مارچ دو ہزار ستائیس سے دستیاب ہوں گی۔ دونوں کتابوں کی پیشگی خریداری بھی شروع ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ ہیری پوٹر سیریز کا ساتواں اور آخری ناول ’’دی ڈیتھلی ہیلوز‘‘ تقریباً دو دہائیاں قبل شائع ہوا تھا، تاہم فلموں، تفریحی پارکوں اور مجوزہ ٹی وی سیریز کے باعث یہ جادوئی دنیا آج بھی دنیا بھر میں مقبول ہے۔






