اسلام آباد (پاک ترک نیوز)حکومت نے ملک میں بغیر نقد رقم کے لین دین کے نظام کو فروغ دینے کے لیے بڑا فیصلہ کرلیا، آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس کے تحت چیک کے ذریعے ادائیگیوں کا نظام 15 نومبر سے بند کردیا جائے گا، جبکہ 16 نومبر سے تمام ادائیگیاں صرف راست نظام کے ذریعے کی جائیں گی۔
یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ 16 نومبر سے ملک بھر میں آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس کے تحت تمام ادائیگیاں ڈیجیٹل طریقے سے راست نظام کے ذریعے ہوں گی، جبکہ ادائیگیوں کے ذمہ دار سرکاری افسران کو اس حوالے سے تربیت بھی فراہم کردی گئی ہے۔
حکام کے مطابق وفاقی اور صوبائی سرکاری اداروں میں ادائیگیوں کو ڈیجیٹل بنانے کا عمل جاری ہے اور بیشتر ادارے دسمبر 2026 تک یہ عمل مکمل کرلیں گے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحقین کو ادائیگیاں اب مکمل طور پر ڈیجیٹل کھاتوں کے ذریعے کی جا رہی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں مکمل ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے قیام کے لیے واضح اہداف اور مدت پر مشتمل لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ وزارتوں اور سرکاری اداروں کو حکومتی منصوبے پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے دوران صارفین کو درپیش تکنیکی مسائل فوری حل کیے جائیں اور معاشرے کے تمام طبقات کو اس سہولت تک رسائی فراہم کی جائے۔
اجلاس میں صارفین اور تاجروں کے درمیان راست کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیوں کے فروغ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے بجلی اور گیس کے بلوں پر موجود کیو آر کوڈ اسکین کرکے ادائیگیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے مؤثر آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی۔
حکام نے بتایا کہ ان علاقوں میں بھی ڈیجیٹل لین دین کی سہولت متعارف کرانے پر کام جاری ہے جہاں انٹرنیٹ دستیاب نہیں، جبکہ ملک بھر میں انٹرنیٹ رابطوں کا بنیادی ڈھانچہ بہتر بنانے کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو حکومت کی اہم ترجیح قرار دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کی کوششوں کو سراہا۔








