اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وفاقی حکومت نے چاروں صوبوں سے رجسٹریشن نہ کرانے والے مدارس کی تفصیلات طلب کرلی ہیں، جبکہ وفاقی وزارت داخلہ کی ہدایت پر محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے بھر کے مدارس کا ریکارڈ مرتب کرلیا ہے۔جاری کردہ خط کے مطابق تمام صوبوں کو تین ماہ کے اندر مدارس کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مدارس کی رجسٹریشن کے لیے متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور انٹیلی جنس کمیٹی سے کلیئرنس حاصل کرنا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔محکمہ داخلہ سندھ کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں مجموعی طور پر 6 ہزار 968 مدارس قائم ہیں، جن میں سے 6 ہزار 273 رجسٹرڈ جبکہ 695 غیر رجسٹرڈ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ترکیہ کے تعاون سے منہ کھر بیماری کی ویکسین مقامی سطح پر تیار کرے گا
اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں 2 ہزار 443 مدارس موجود ہیں، جن میں سے ایک ہزار 905 رجسٹرڈ اور 538 غیر رجسٹرڈ ہیں۔رپورٹ کے مطابق سندھ بھر کے رجسٹرڈ مدارس میں 6 لاکھ 15 ہزار 306 طلبہ زیرِ تعلیم ہیں۔مسلک کے اعتبار سے دیوبند کے 4 ہزار 240 مدارس میں سے 312 غیر رجسٹرڈ ہیں، جبکہ بریلوی مسلک کے 2 ہزار 357 مدارس میں سے 341 مدارس کی رجسٹریشن نہیں ہوسکی۔








