اسلام آباد( پاک ترک نیوز)جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے اہل خانہ اور قریبی ساتھیوں کے خلاف مبینہ ٹیکس چوری اور آمدن چھپانے کی شکایت ایف بی آر میں جمع کرا دی گئی۔
ایف بی آر کو موصول ہونے والی شکایت میں سینیٹر کامران مرتضیٰ، لطف الرحمان، ضیاء الرحمان، اسعد محمود اور ابرار احمد خان کے مبینہ مالی معاملات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
شکایت گزار نے پانچوں افراد کے اثاثوں، بینک اکاؤنٹس، ذرائع آمدن اور ٹیکس گوشواروں کی جانچ پڑتال کی درخواست کی ہے۔
درخواست میں سینیٹر کامران مرتضیٰ کے ملکی و غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس، لطف الرحمان کے بینک اکاؤنٹس اور کاروباری سرگرمیوں جبکہ ضیاء الرحمان کے اکاؤنٹس میں مبینہ غیر واضح رقوم کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اسی طرح اسعد محمود کے بینک اکاؤنٹس اور ابرار احمد خان کے ٹریول اینڈ ٹورز کاروبار سے متعلق مالی معاملات کی بھی چھان بین کی درخواست کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاریوں کے کیسز ، وفاقی آئینی عدالت نے پشاور ہائیکورٹ کو سماعت سے روک دیا
شکایت میں مختلف فلاحی، تعلیمی اور کاروباری اداروں سے منسلک مالی لین دین کی تحقیقات اور متعلقہ افراد کے اثاثوں کا ٹیکس گوشواروں سے تقابلی جائزہ لینے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
شکایت گزار نے مبینہ غیر ظاہر شدہ آمدن اور مشتبہ مالی لین دین کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی استدعا کی ہے۔







