پشاور ( پاک ترک نیوز) دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے سے المناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 32 بچے اور ایک خاتون ٹیچر جاں بحق جبکہ متعدد بچے زخمی ہوگئے۔ جاں بحق بچوں کی عمریں سات سے تیرہ سال کے درمیان ہیں، جبکہ مرنے والوں میں ایک ہی گھر کے تین بچے بھی شامل ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق اسکول کی ایک چھت دوسری چھت پر گرنے سے عمارت بیٹھ گئی۔ فوجی جوانوں اور امدادی کارکنوں نے امدادی کارروائی مکمل کرلی۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں تین زخمی زیر علاج ہیں، جبکہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا۔
واقعے کے بعد اسکول کے مالک کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ سی سی پی او پشاور کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کیا جائے گا اور حادثے کی مکمل تحقیقات ہوں گی۔ اسکول تنگ گلیوں میں قائم تھا، جہاں تقریباً ایک سو دس بچے زیر تعلیم تھے۔ اسکول ایک ٹرسٹ کے تحت چلایا جا رہا تھا۔حکام کے مطابق اسکول کی عمارت، اجازت ناموں اور دیگر متعلقہ امور کی تحقیقات کی جائیں گی۔ اس بات کا بھی تعین کیا جائے گا کہ اسکول کو عدم اعتراض کا اجازت نامہ کس نے جاری کیا تھا۔دوسری جانب خیبر پختونخوا کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے واقعے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے۔ نجی اسکولوں کی ریگولیٹری اتھارٹی کے سربراہ جاوید اقبال کمیٹی کے چیئرمین مقرر کیے گئے ہیں۔
کمیٹی حادثے کی وجوہات، ممکنہ غفلت اور عمارت میں ساختی نقائص کا تفصیلی جائزہ لے گی۔ مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے سفارشات بھی مرتب کی جائیں گی۔ تحقیقاتی کمیٹی کو واقعے کی مکمل رپورٹ آج ہی پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔












