اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مفاہمت کے لیے مولانا فضل الرحمان متحرک ہو گئے، مذاکرات کی کامیابی کے لیے دونوں فریقین کی مذاکراتی کمیٹیوں کو بااختیار بنانے کی شرط رکھ دی۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے حکومت اور اپوزیشن کو پیغام دیا ہے کہ مذاکراتی کمیٹیوں کے فیصلوں کو دونوں جانب سے حتمی تسلیم کیا جائے، کیونکہ بااختیار کمیٹیوں کے بغیر مذاکرات کسی نتیجے تک نہیں پہنچ سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ترکیہ کی دفاعی کمپنی اسیل سان کے 6ارب ڈالر زائد کے معاہدے
مولانا فضل الرحمان کا مؤقف ہے کہ مذاکرات کی کامیابی کے لیے دونوں فریقین کو اپنے مطالبات اور معاملات پر لچک دکھانا ہوگی، تاکہ اختلافات دور کرنے اور قابل قبول حل تک پہنچنے کی راہ ہموار ہو سکے۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے دونوں فریقین کو یہ اہم پیغام بھی دیا ہے کہ مذاکرات کے دوران اور ان کی کامیابی تک ذرائع ابلاغ اور سماجی رابطوں کے ذرائع پر بیانات دینے سے گریز کیا جائے، تاکہ بات چیت کا عمل متاثر نہ ہو۔مولانا فضل الرحمان کی جانب سے دونوں فریقین کو بااختیار کمیٹیوں، لچک اور محتاط طرزِ عمل کا پیغام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی کشیدگی کم کرنے اور مفاہمت کی راہ نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔












